کراچی:پاکستان تحریک انصاف نے رکن سندھ اسمبلی عمران شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے تاہم پارٹی ترجمان جواد چوہدری نے اس کی تردی کی ہے اورکہا ہے کہ عمران علی شاہ کی رکنیت معطل نہیں کی گئی بلکہ انہیں جواب جمع کرانے کیلئے ایک دن کی مہلت دی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے نو منتخب رکن اسمبلی عمران علی شاہ نے گزشتہ دنوں اسٹیڈیم روڈ کے قریب ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے عمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر وضاحت طلب کی تھی جبکہ عمران شاہ کی سوتیلی والدہ ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے بھی سوشل میڈیا پیغام میں ان پرسنگین الزامات عائد کئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اورمعاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک عمران شاہ معطل رہیں گے تاہم انضباطی کمیٹی کو ایک ماہ میں معاملے کی تحقیقات مکمل کرنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران علی شاہ کی رکنیت معطل نہیں کی گئی ہے انہیں جواب جمع کرانے کیلئے ایک دن کی مہلت دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی ایم پی اے ڈاکٹرعمران شاہ کی کھلےعام بدمعاشی پرمرکزی قیادت تو خاموش ہے تاہم صوبائی قیادت کی جانب سےعمران شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس میں 24 گھنٹے کے اندر واقعے کی مکمل وضاحت طلب کی گئی تھی۔
صوبائی قیادت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کی مدت گزرنے کے بعد بھی عمران شاہ نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا بلکہ جواب کے لیے مزید مہلت طلب کرلی ہے۔ جس پر صدرپی ٹی آئی کراچی فردوس شمیم نقوی نے عمران شاہ کو آج رات 9 بجے تک جواب دینے کے لیے وقت دیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ نے کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب گاڑی روک کرایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا اس موقع پر ان کے گارڈز بھی موجود تھے جبکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔