نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خواجہ آصف کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 36 لاکھ 68 ہزار671 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کے خلاف بھی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔
نیب اعلامیے کے مطابق بابرغوری اوردیگر پرغیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے اورغیرقانونی بھرتیوں سے قومی خزانےکو 2 ارب 85 کروڑ روپےکا نقصان پہنچا۔
نیب اجلاس میں پی ٹی آئی کے علیم خان کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کے الزام میں بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کیپٹن (ر) صفدر کے حلقہ این اے 21 مانسہرہ میں پی ڈبلیو ڈی کو 9 ارب روپے جاری کرنے اور من پسند ٹھیکیداروں کے ذریعے غیر معیاری کام کروانے پر تحقیقات کی منظوری بھی دی گئی۔
نیب ایگزیکٹوبورڈ نے این ٹی ایس کے ہارون رشید اور وحید اللہ ناگارہ، سابق ریجنل سربراہ محمد جاوید اور محب الرحمان کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی ایس کے عہدیدار پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں بدعنوانی اورامتحانات کے عمل میں غیرشفافیت کے مرتکب پائے گئے۔