راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشت گرد مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں سمیت دہشت گردی سے متعلق سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے اور شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں، دہشت گرد 45 افراد کے قتل اور103 کو زخمی کرنے میں ملوث ہیں، ان دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کا مقدمہ فوجی عدالتوں میں چلایا گیا اورتمام دہشت گردوں نے عدالت کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا جبکہ دیگر6 دہشت گردوں کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے۔