اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان وزارت عظمیٰ کیلئے حلف برداری کی تقریب میں سیاہ رنگ کی شیروانی زیب تن کریں گے۔
فیصل جاوید نے بتایا کہ بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے انہیں ٹیلی فون کرکے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کا پاکستان کا ویزہ لگ چکا ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وہ پاکستان جانے کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہیں اور تقریب میں مدعو کرکے عزت بخشنے پر وہ عمران خان کے شکر گزار ہیں۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو17 اگست کو پاکستان پہنچیں گے اور ان کی عمران خان سے علیحدہ ملاقات بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ انضمام الحق ، مشتاق احمد ، مدثر نذر بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے جبکہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے نجی مصروفیات کے باعث شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا جس کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور صد ن لیگ شہباز شریف میدان میں ہیں۔