قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب سے متعلق پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو اورشریک چیئرمین آصف زرداری نے مشترکہ طورپرکی۔
اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی قائد ایوان کے انتخاب کا حصہ نہیں بنے گی اوراپوزیشن کے امیدوار شہبازشریف کی حمایت بھی نہیں کرے گی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ قائد ایوان کے انتخاب کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل آگے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں۔
تحریک انصاف کو اپنے اتحادیوں کی بدولت سادہ اکثریت حاصل ہے جبکہ ایوان کی تیسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کے نام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کسی اور امیدوار لانے کی تجویز دی تھی۔