لاہور: ق لیگ کے مرکزی رہنما اورتحریک انصاف کے نامزد چوہدری پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکرجبکہ پی ٹی آئی کےدوست مزاری ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھالیا۔سبکدوش ہونے والے اسپیکر رانا اقبال کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا
اس موقع پر ن لیگ کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے 201 اور ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد اقبال نے 147 ووٹ حاصل کیے جب کہ ایک ووٹ منسوخ ہوا۔ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر رانا اقبال نے چوہدری پرویز الہیٰ کی کامیابی کا اعلان کیا تو (ن) لیگ کے اراکین نے اس موقع پر شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی بھی کی۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ اراکین کی تعداد 186 تھی اور تین آزاد ارکان ملا کر دونوں جماعتوں کے ووٹوں کی مجموعی تعداد 189 تھی تاہم چوہدری پرویز الہی نے 12 ووٹ زیادہ حاصل کیے۔پرچی دکھا کر ووٹ کاسٹ کرنے پر اسپیکر نے تحریک انصاف کی خاتون رکن شمسہ علی کا ووٹ منسوخ کیا جس پر (ن) لیگی ارکان نے ایوان میں ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔اسپیکر رانا اقبال کا کہنا تھا کہ ووٹ دکھانا امانت میں خیانت ہے اس لیے ووٹ کینسل کرنے کا حکم دیا ہے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کامیابی کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کا مشکور ہوں، ایوان کو اچھےطریقے سے چلاؤں گا، یہ شور مچانے کا نہیں بلکہ کارکردگی دکھانے کا وقت ہے۔