کراچی کی بینکنگ کورٹ نےمیگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
کراچی کی بینکنگ عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے مقدمہ کے مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں جن میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی شامل ہیں، عدالت نے ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے دیگر جن ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ان میں نمر مجید، اسلم مسعود، عارف خان، نصیر عبداللہ حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر، محمد اقبال آرائیں، اعظم وزیر خان، زین ملک اور مصطفی ذوالقرنین سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
ملزمان کے خلاف بوگس اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور ضمانت پر رہا ہیں جبکہ حسین لوائی، طحہٰ رضا، انور مجید اور عبدالغنی مجید گرفتار ہیں ۔
دوسری جانب آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے وارنٹ گرفتاری اجراء کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اس طرح کے کوئی احکامات جاری نہیں کیے۔