پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کےدارلحکومت پشاور میں مسلح افراد نے ایک خواجہ سرا کو تشدد کر کے قتل کر دیا ۔
پولیس کے مطابق خواجہ سرا ساجد عرف نازو کو باڑا گیٹ کے علاقے میں اس کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق قتل کے شبہ میں 2 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ گرفتار افراد میں مقتول خواجہ سرا کا مالک مکان بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پشاور کے نواحی علاقے سربند میں نامعلوم افراد نے 3 خواجہ سراؤں کو خنجر کے وار سے زخمی کر دیا تھا۔اس سے قبل مارچ میں پشاور کے رِنگ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں رکشے میں سوار ایک خواجہ سرا اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا تھا۔
دوسری جانب خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم ٹرانس ایکشن پاکستان نے نازو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 2015 کے بعد سے خیبر پختونخوا میں یہ خواجہ سراؤں کے قتل کا 62واں واقعہ ہے۔