سوشل میڈیا ایک ایسی مارکیٹ ہے، جہاں آئے روز کوئی نہ کوئی نئی چیز یا رجحان سامنے آتا رہتا ہے،کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر ـ۔کیکی چیلنج۔ بہت مقبول ہوا اور ہر کوئی اپنی گاڑی میں سے نکل کر کیکی گانے پر چیلنج کرتے نظر آرہا تھالیکن اب روسی مالداروں نے منہ کے بل گرنے کا ایک نیا چیلنج تخلیق کرلیا ہے۔اس چیلنج کو فالنگ اسٹارز چیلنج کا نام دیا گیا ہے۔
پہلے سوشل میڈیا پرمقبولیت کی دوڑ میں نوجوان خطرناک سیلفیاں لے کر جان خطرے میں ڈالتے تھےلیکن روس میں شروع ہونے والے ایک چیلنج میں امیر کبیر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی لگژری کشتیوں، مہنگی کاروں اور ذاتی طیاروں کی سیڑھیوں پر اس طرح لیٹتے نظر آتے ہیں کہ گویا وہ لڑکھڑاتے ہوئے اوندھے منہ گرے ہوں۔ یہ تصاویر فالنگ اسٹارز چیلنج کے ہیش ٹیگ سے پوسٹ کی جارہی ہیں۔
اس انوکھےچیلنج میں روسی عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ اس چیلنج کا آغاز انسٹا گرام پر ہوا۔ گرنے والے اگرچہ حقیقت میں نہیں گرے ہیں لیکن وہ اوندھے منہ لیٹتے ہوئے اپنی پوزیشن کو اس طرح رکھتے ہیں کہ وہ ڈرامائی انداز میں بھی حقیقت سے قریب تر دکھائی دے۔
روسی کے امیر طبقے کی جانب سے اب ان تصاویر کا ڈھیر لگ گیا ہے جس میں مس یوکرین بھی شامل ہوگئی ہیں۔ ان کی دیکھا دیکھی میں ایک اور ماڈل ایریزونا میوس نے بھی ایک کوریئر کمپنی کی وین سے خود کو کچھ اسطرح گرایا ہے کہ وہ حقیقت میں گری ہیں۔