لاہور :نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ اور قبضوں سے متعلق مجھ پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بز دار نے کہا کہ میر ے اوپر سرکاری زمینوں کی ا لاٹمنٹ اور قبضوں سے متعلق الزامات غلط ہیں اور میرا ان الزامات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے 1985میں زمینیں خریدیں جبکہ میں اس وقت اسکول میں پڑھتا تھا ۔بے زمین لوگوں کی الاٹمنٹ کی اسکیم 1970میں چلی تھی اور میرے والد نے ان لوگوں سے زمینیں خریدیں ۔ انہوں نے کہا کہ زمین خریدنا کوئی جرم نہیں ہے ۔
ان زمینوں کا ریکارڈ موجود ہے ہر فورم پر پیش کروں گا۔قبائلی علاقے سے کوئی الزام ہے تو سامنے لے آئیں اس کا جواب دوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں دیکھاتھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بنوں گا ۔ میں عمران خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ۔عمران خان کے دھڑے کا ہوں قانون کے مطابق چلیں گے ۔ ایسی کارکردگی دکھاؤں کا جو ماضی میں کسی وزیر اعلیٰ نے نہیں دکھائی ہوگی ۔