اسلام آباد: اقوام متحدہ نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں انتہائی موثر قرار دیا ہے۔یہ اعتراف سلامتی کونسل کی اقوام متحدہ کی پابندیوں سے متعلق مانیٹرنگ کمیٹی 1267 کی 22 ویں رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے انتہائی موثر کارروائیاں کیں، پاکستان کے موثر آپریشنز کے باعث داخلی سطح پر دہشت گردی کم ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مانیٹرنگ ٹیم نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا اعتراف کیا گیا بلکہ اقوام متحدہ نے اپنی 21ویں رپورٹ میں بھی پاکستان کے کامیاب فوجی آپریشن کا برملا ذکر کیا تھا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے داعش کوملک میں پنجے نہیں گاڑنے دیے، رپورٹ میں تسلیم کیاگیا ہے کہ پاکستان میں داعش کے دہشت گرد حملے مقامی تنظیموں اور سرحد پار تعاون سے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے ساتھ گلوبل ٹیررازم انڈیکس نے بھی پاکستان میں قیام امن کو تسلیم کیا ہے۔