اسلام آباد: ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔قرار داد کے مطابق ہالینڈ کی جانب سے شائع کیے گئے گستاخانہ خاکے انتشار پھیلانے کی کوشش ہیں اور یہ مذموم حرکت دہشت گردی کے مترادف ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور متحدہ مجلس عمل نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف الگ الگ قرار داد پیش کرنے کی کوشش کی تو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے متفقہ قرار داد لانے کی ہدایت کی۔
اس دوران رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت اور قواعد معطل کرنے کی تحریک کی منظوری کا انتظار کیے بغیر ہی ایوان میں قرار داد کا متن پڑھنا شروع کردیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انہیں روک دیا اور کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اس لیے قرارداد کا متفقہ مسودہ تیار کیا جائے۔بعد ازاں تمام جماعتوں کے نمائندوں نے مل کر متفقہ قرارداد کا متن تیار کیا اور پیپلزپارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے قرار داد پیش کی۔