بنی گالہ میں داخلے سے روکنے پر نعیم الحق سیکورٹی گارڈپر برہم

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب سے قبل پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کو عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ جانے سے روک دیا گیا۔جس پر وہ شدید برہم ہوگئے اور سیکورٹی گارڈ کو کھری کھری سنادیں۔
اطلاعات کے مطابق عمران خان کی تقریب حلف برداری سے قبل نعیم الحق بنی گالا پہنچے تاہم کپتان کے ہمراہ ایوان صدر پہنچیں، لیکن وہ اس وقت ہکا بکا رہ گئے جب سیکورٹی نے انہیں مین گیٹ پر روک لیا اور اندر جانے کی اجازت نہ دی۔
نعیم الحق نے سیکورٹی سے استفسار کیا کہ کس کی جانب سے روکا گیا ہے جس پر سیکیورٹی گارڈ نے جواب دیا کہ خان صاحب کے چیف آف اسٹاف میجر عمر نے منع کیا ہے۔ اس پر نعیم الحق شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بولے کہ کون میجر عمر، وہ تو خود میرے انڈر کام کرتا ہے، کمال کرتے ہو ، کیا تم لوگ مجھے نہیں جانتے ، بے وقوفی کی باتیں کررہے ہو، کھولو دروازہ، چھوڑو میجر عمر کو، مذاق لگا رکھا ہے، میں خان صاحب کو لینے آیا ہوں۔
تاہم سیکورٹی نے نعیم الحق کے غصے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انہیں اندر جانے کی اجازت نہ دی۔ اس پر نعیم الحق نے فون کرکے سیکورٹی سے بات کروائی، تب جاکر انہیں بنی گالا جانے کی اجازت ملی۔

https://www.youtube.com/watch?v=xKPyh4fkbNI

واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ روز ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے اور آج وہ وزیراعظم پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھاچکے ہیں۔