لاہور: پنجاب کے لیے تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ کے امیدوار عثمان بزدار کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔انہوں نے اثاثوں کی مالیت مالیت ڈھائی کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمع کرائی گئی اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق نامزدوزیر اعلیٰ کے پاس24لاکھ مالیت کے تین ٹریکٹرز ہیں جن میں 2بیلاروس اور ایک میسی ہے ،36لاکھ روپے مالیت کی دو گاڑیاں، جن میں ایک ہنڈ ا اور ایک ٹیوٹا گاڑی ہے ،20تولہ سونا اور 50ہزار روپے کا فرنیچر ہے ۔
جائیداد کی تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار کے پاس ڈی جی خان موضع چوٹی میں 163کنال زرعی زمین ہے ۔موضع روانی میں 95کنال ،تونسہ شریف میں 14کنال اور دیگر مقامات پر کنالوں اور مرلہ جات میں زمینیں ہیں ۔
عثمان بزدار کے چار بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔انہوں نے این جے آئی انشورنس کمپنی میں 5لاکھ،سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی میں 10 لاکھ اورای ایف یو انشورنس کمپنی میں انشورنس پالیسیاں کرا رکھی ہیں۔
ان کے پاس11لاکھ کے ماہانہ ٹرم سرٹیفکیٹ ہیں ۔مالی سال 2017میں انہو ں نے 63ہزار890روپے ٹیکس ادا کیا۔