پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 22ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھاتے ہی ان کی اہلیہ بشریٰ عمران پاکستان کی خاتون اول بن گئیں۔حلف برداری تقریب میں عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی سفید رنگ کا عبایہ پہنے اور سفید تسبیح کے ساتھ سب سے منفرد نظر آئیں، آس پاس کی خواتین سے ہلکی پھلکی سلام دعا ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق تقریب حلف برداری میں عمران خان نے جہاں باوقار سیاہ شیروانی زیب تن کی وہیں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سفید رنگ کا انتخاب کیا۔
اپنے شوہر کی سیاسی زندگی کے اس انتہائی اہم موقع پر بشریٰ بی بی نے سفید عبایا، نقاب اور سفید انگوٹھی پہن رکھی تھی۔
ان کے ہاتھ میں موجود تسبیح بھی سفید رنگ کی تھی، جس پر وہ مسلسل کچھ پڑھ رہی تھیں۔
یہاں تک کہ خاتون اول کے جوتے بھی عبایا سے میچ کرتے ہوئے نظر آئے۔
واضح رہے کہ تقریب حلف برداری میں عمران خان اور بشریٰ بی بی نے ایک ساتھ شرکت نہیں کی۔
عمران خان کی اہلیہ پہلے ایوان صدر پہنچیں، جبکہ عمران خان کچھ دیر بعد پہنچے تھے، جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نےعوام کے نام پہلا پیغام دیتے ہوئے کہا ہےکہ اقتدارآنی جانی چیز ہے ، آج میں خوش نہیں ڈری ہوئی ہوں، اللہ پاک نے ہم پر ملک کی بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔