شریف فیملی کی سزامعطلی کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کیلئے نیب استدعا

قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعظم نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی سزا معطل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے عبوری ریلیف کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرنے کی استدعا ہے۔

نیب کے جواب میں کہا گیا کہ احتساب عدالت کے فیصلے میں کوئی خامی نہیں، استغاثہ نے کیس ثابت کیا جس کے بعد بار ثبوت ملزمان پر منتقل ہوگیا تھا مگرانہوں نے اپنے دفاع میں کچھ پیش نہیں کیا ہے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردارمظفرعباسی نے نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پرشق وار جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے جو11 صفحات پرمشتمل ہے۔

تحریری جواب میں کچھ اعتراضات بھی اٹھائے گئے ہیں۔ جواب میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ نوازشریف پرعوامی عہدہ رکھ کرجائیداد بنانے کا جرم ثابت ہوچکا جبکہ مریم نوازاورکیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ان کی معاونت کی، تینوں کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی گئی ہے جبکہ احتساب عدالت کے فیصلے میں سزا کی وجوہات درج ہیں۔

تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ بظاہرٹرائل کورٹ کے فیصلے میں کوئی قانونی سقم یا کمزوری موجود نہیں، سزا معطلی کی درخواستیں خارج کی جائیں جبکہ سزا کے خلاف اپیلیں موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کے فوری بعد سماعت کے لئے مقررہیں۔