اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آفس میں انتظامات سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے حکم میں وزیراعظم آفس کے سیکریٹری سہیل عامر کو فوری تبدیل کئے جانے کی ہدایت جاری کردی۔ ان کی جگہ گریڈ 21 کےایڈیشنل سیکریٹری ایف آراعظم خان کو وزیراعظم کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے تاہم گریڈ 22 کے سہیل عامرکو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی سطح پرگریڈ 22 کے 20 سے زائد افسران کی موجودگی میں گریڈ 21 کے افسر کی پرنسپل سیکریٹری کے عہدے پرتعیناتی قابل تشویش ہے کیونکہ سیکریٹری ٹو وزیراعظم گریڈ 22 میں ترقیوں کے لئے بورڈ کے بھی اہم رکن ہوتے ہیں۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آفس کا دورہ کیا جہاں سینئر بیوروکریسی اوراعلیٰ سرکاری افسران نے انہیں حکومتی امورپرتفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نظام حکومت کو عام آدمی کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لئے استعمال کیا جائے، حکومتی امور کی انجام دہی میں خود احتساب کے عمل کو مدنظررکھنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیکرٹریزاورسینئرحکام سے گفتگو میں واضح کیا کہ وزیراعظم آفس کے تمام امورمیں بروقت تکمیل اورسادگی کو شعار بنایا جائے، کسی بھی سطح پرکوتاہی کی گنجائش نہیں۔