اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی 21 رکنی وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں حلف اٹھا لیا جس میں 16 وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں۔
ایوان صدر میں صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کرلیا گیا۔
حلف لینے والوں میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فروغ نسیم، خالد مقبول صدیقی، شیخ رشید، زبیدہ جلال، فواد چوہدری، غلام سرور خان ، طارق بشیر چیمہ، فہمیدہ مرزا، شفقت محمود، عامر کیانی، مولانا نور الحق قادری اور خسرو بختیار شامل تھے۔
پرویز خٹک کو وزارت دفاع، اسد عمر کو وزارت خزانہ، فروغ نسیم کو وزارت قانون و انصاف، شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ، شیخ رشید احمد کو وزارت ریلوے ، فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات اور غلام سرور خان کو وزارت پیٹرولیم ڈویژن کا قلمدان دیا گیا ہے۔
زبیدہ جلال وزیر دفاعی پیداوار، فہمید ہ مرزا وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، عامرکیانی وزیر صحت اور طارق بشیر کو وزیر سیفران کا حلف لیا۔
عمران خان کی کابینہ میں 5 مشیر بھی شامل ہیں جن میں محمد شہزاد ارباب کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، عبدالرزاق داؤد کو کامرس، ٹیکسٹائل، انڈسٹری پروڈکشن اور انویسٹمنٹ، ڈاکٹر عشرت حسین کو ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم کو موسمیاتی تبدیلی اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔
عمران خان نے وزیرداخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ میں معاونت کے لئے دو مشیر رکھے جائیں گے جن کے لئے سابق انسپیکٹر جنرل پولیس شعیب سڈل اور ناصر درانی کے نام زیرِ غور ہیں۔
حلف برداری کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کیا گیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی معاشی ، اقتصادی اور سماجی پالیسیوں سے متعلق وزراء کو آگاہ کریں گے۔