لاہور: پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلف اٹھا لیا ہے،گورنر ہائوس پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حلف برداری تقریب منعقد کی گئی جس میں اعلیٰ سول، عسکری حکام اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کامیابی کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح کرپشن کا خاتمہ اور پولیس کے نظام کو بہتر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی طرز پر صوبہ پنجاب میں پولیس سمیت دیگر اداروں کو مضبوط کیا جائے گا اور اس کے ساتھ نہ صرف ایوان کا ہر رکن اپنے حلقے کا وزیراعلیٰ ہو گا بلکہ مقامی حکومتوں کو بھی موثر بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے عثمان بزدار ن لیگی رہنما میاں حمزہ شہباز شریف کو 27 ووٹوں سے شکست دے کر پنجاب کے نئے وزیرِاعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔