وزیر اعظم عمران خان کو کچھ دنوں میں سمجھ آجائے گی :مصدق ملک

 

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ عمران نے سادگی اور2 ملازمین کا ذکر کیاہے ، اس بات کی ان کو کچھ دنوں میں سمجھ آجائے گی ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے سادگی اور 2 ملازمین کا ذکر کیاہے ان کو کچھ دنوں میں سمجھ آجائے گی ۔ وزیر اعظم ہاؤس میں بہت بڑا اسٹاف ہے، چاروں صوبوں کے نمائندے ہوتے ہیں۔ بہت سے غریب لوگ اس وقت ملازم ہیں۔ ان میں مالی ہیں، اگر ان کو نکال دیا جائے گا تو پھر وہا ں جنگل اگنا شروع ہوجائے گا ۔

 

بلٹ پروف گاڑیاں باہرکے ملک سے آنیوالے کیلئے ہوتی ہیں ۔ اگر آپ ان کو بلٹ پروف گاڑیاں نہیں دیں گے تو وہ نہیں آئیں گے ۔ ملک سے جب دہشت گردی ختم ہوگی تو بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ عمران خان جب وزیر اعظم نہیں ہوتے تھے تو اس وقت بھی ان کے ساتھ گاڑیاں ہوتی تھیں اور ہیلی کاپٹر ہوتے تھے ۔ عمران خان نے بہت اچھی بات کی ہے کہ اب ملک رہے گا یا کرپٹ لوگ لیکن ان کو یہ کہتے سے پہلے سوچنا چاہئے تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کس کو بنانا ہے ؟

 

ا س شخص کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا گیا ہے جس پر 6قتلوں کا مقدمہ ہے اور وہ اسلامی طریقے سے دیت ادا کرنے کے بعد اس سے بری ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر احتساب کرناہے حسن اور حسین کو لاناہے تو دوسروں کابھی احتساب بھی اسی طرح کرنا ہوگا ۔تحریک انصاف نے ان لوگوں کو بھی ٹکٹ دیئے جن پر کرپشن کے مقدمات تھے اور ان میں کئی جیتے اور کئی کامیاب نہ ہوسکے ۔