تحریک انصاف کے ایک اور ایم پی اے پرشہر ی پر تشددکا الزام

کوہاٹ میں ایک شہری نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ضیا اللہ بنگش پر سر عام تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔
یا درہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے نو منتخب رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ نےکراچی اسٹیڈیم روڈ کے قریب ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔پی ٹی آئی رکن اسمبلی کے شہری پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تحریک انصاف نے نو منتخب رکن اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔
کوہاٹ میں پریس کانفرنس کے دوران سرکاری اسپتال کے فارمیسی ٹیکنیشن کامل حسین نے الزام عائد کیا کہ 3 روز قبل پی ٹی آئی کے ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوئے۔ انہوں نے پہلے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کے بارے پوچھا، پھر ضیا اللہ بنگش ، ان کے بھائی اور دیگر ساتھیوں نے مل کر مجھے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
کامل حسین نے کہا کہ مجھ پر سرعام ظلم ہوا، 3 دن ہوگئے انصاف نہیں ملا، مجھ پر ضیا اللہ بنگش اور ان کے ساتھیوں کے تشدد کی سی سی ٹی وی وڈیو بھی موجود ہے لیکن بااثر ایم پی اے نے پولیس پر دباؤ ڈال کر سی سی ٹی وی فوٹیج کسی کو نہ دینے کا کہا ہے، حکومت وقت سے اپیل ہے مجھے انصاف دلائے۔