اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کے لیے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہوگا۔
I want to thank Sidhu for coming to Pakistan for my oath taking. He was an ambassador of peace & was given amazing love & affection by ppl of Pakistan. Those in India who targeted him are doing a gt disservice to peace in the subcontinent – without peace our ppl cannot progress
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 21, 2018
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری تقریب حلف برداری کیلئے پاکستان آنے پر میں سدھو کا مشکور ہوں، وہ امن کا پیامبر بن کرآیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں جو لوگ سدھو کے خلاف تلواریں سونتے ہوئے ہیں وہ حقیقت میں برصغیر کے امن پر حملہ آور ہیں جس کے بغیر ہمارے لوگوں کی ترقی ممکن نہیں‘۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’مستقبل کی جانب پیش قدمی کیلئے ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالناہوگا‘۔
عمران خان نے مزید کہا کہ’ غربت مٹانے اور برصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کیے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے‘۔
واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو نے وزیر اعظم عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی تھی ، جہاں وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی گلے بھی ملے تھے تاہم اب ان کا یہ عمل بھارت کے انتہا پسند ہندوؤں کے لیے ناقابل برداشت ہوگیا ہے، بھارت میں سدھو کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے سر کی قیمت بھی مقرر ہوچکی ہے۔