کراچی: آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے سندھ پولیس کی مراعات پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں ریٹائرمنٹ پر الاؤنس 15 اور 25 ہزار سے بڑھا کر بنیادی تنخواہ کے برابر کردیاگیاجبکہ فرائض کے دوران قانونی مسائل اور مقدمات کی صورتحال میں امداد 5 لاکھ تک کر دی گئی ہے جب کہ ڈیوٹی کے دوران مستقل معذوری کی صورت میں اہلکاروں کو مخصوص موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں پولیس اہلکاروں کے دو بچوں کی شادی کے لیے گرانٹ 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی ۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہلکاروں کے بچوں کو 65 فیصد نمبر لینے پر مکمل اسکالرشپ دی جائے گی جب کہ موذی بیماری کی صورت میں امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کی گئی ہے،بیوہ فنڈ کو 3 ہزار سے بڑھا کر5 ہزار روپے کردیا گیا جسے آن لائن ادا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس میں 3 سالوں میں انتقال اور جاں بحق اہلکاروں کی امدادی رقوم کے لیے کوائف جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی پولیس ملازمین کی انشورنس کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اہلکاروں کی رہائش گاہ کے لیے وزیر اعلی سندھ سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی۔آئی جی سندھ نے اے آئی جی ویلفیئر کو 7 روز میں سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔