کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے صدارتی انتخاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد امیدوار کے عارف علوی کی حمایت کا اعلان کردیا ۔
پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے متحدہ رہنمائوں سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی کا کہناتھاکہ ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے، نئے پاکستان سے متعلق عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہماری ضرورت ہے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کی پٹیشن کی مکمل حمایت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کراچی اور دیگر شہری مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عارف علوی کو پہلے مایوس کیا نہ ہی آئندہ کریں گے۔
تحریک انصاف کے ساتھ جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے حالات تبدیل ہورہے ہیں۔
بہتر پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے، کراچی کی بہتری ملک کی بہتری ہے، کراچی کو جو وسائل ملتے ہیں وہ لوٹ کر پورے پاکستان کو ملتے ہیں، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے، ہمارا پی ٹی آئی سے تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔