پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کا فیصلہ

اسلام آباد:پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپوزیشن کا مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے مشاورت کے لیے 25 اگست کو مری میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کریں گے۔ پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ نے اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ صدارتی امیدوارلانے پر بات چیت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ صدارتی امیدوارلانے کے لیے بھر پورمہم چلانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ 2014 میں ن لیگ کی جمہوریت کو خطرہ ہوا تو اعترازاحسن جمہوریت کے دفاع میں سب سے آگے تھے۔
فرحت اللہ بابر کے مطابق 25 تاریخ کو آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کو بھی دعوت دی گئی ہے، صدارتی امیدوار کیلیے ابھی حتمی فیصلہ پارٹی نے نہیں کیا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان تلخیاں ہیں۔