اسٹیٹ بینک کی بینکوں کواے ٹی ایمز میں وافر کرنسی رکھنے کی ہدایت

 

فیصل آباد: اسٹیٹ بینک نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر اسٹاک موجود رکھیں تاکہ عیدالاضحی کے ایام میں صارفین کو رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نجی ٹی وی کے مطابق مختلف بینکوں کے کھاتے داران کی جانب سےا سٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گزشتہ عید کے موقع پر اکثر بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی انجام دہی میں بھی شدید دشواری پیش آئی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر مقدار میں کرنسی رکھی جائے، اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔