اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے تیونس کی بندرگاہ تیونیسیا کا دورہ کیا۔ پی این اصلت کا یہ دورہ بحیرہ روم کے ساحلی ممالک اور یورپی ممالک کے دورے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔ 13سال کے وقفے کے بعد پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ پاک بحریہ اور تیونس کی بحریہ کے درمیان تعلقات کے احیاکی راہ یقینا ہموار کرے گا۔
بندرگاہ آمد پر پی این ایس اصلت کا پر تپاک خیرمقدم کیا گیا۔لاگُلاٹی بندرگاہ کے منیجر، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور تیونس میں پاکستانی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری نے جہاز کا استقبال کیا۔ تیونس بحریہ کے رابطہ آفیسر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پی این ایس اصلت کا دورہ مختلف پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیوں پر مشتمل تھا۔ اس3 روزہ دورے کے دوران کموڈور محمد فیصل عباسی کی قیادت میں پاک بحریہ کے وفد نے کمانڈر نیول کوسٹ گارڈ، لاگُلاٹی کے لارڈ میئر اور لاگُلاٹی کے بیس کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔