عمران خان سادگی کی مثال قائم کر رہے ہیں:ماہرقانون

 

اسلام آباد: سینئرماہرقانون شاہ خاور نے کہا ہے کہ ملکی قیادت جب کوئی مثال قائم کرے گی تو قوم بھی اس کی پیروی کرے گی، عمران خان سادگی کی مثال قائم کر رہے ہیں جس کا اثر نیچے تک جائے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ تشکیل ہوئے ابھی صرف 2 دن ہوئے ہیں، تبدیلی راتوں رات نہیں آ سکتی لیکن عمران خان کو چند بڑے اور بنیادی مسائل پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ جب ان کوششوں کا اچھا نتیجہ سامنے آئے گا تو لوگ ان کا زیادہ ساتھ دیں گے۔

 

شاہ خاورنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں وہ سب باتیں کیں جو اپنے جلسوں میں کیا کرتے تھے، اب ان کو پرانی باتیں دہرانے کے بجائے مسائل کا حل بتانا چاہیے۔ لوگوں نے آج دو بڑی پارٹیوں کو مسترد کر کے ان کا ساتھ دیا ہے لہذا اب انہیں کام کر کے بھی دکھانا ہو گا۔وزیراعظم ہاؤس میں2 ملازمین رکھنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ وزیراعظم ہاؤس دو ملازمین سے نہیں چل سکتا، دو ملازموں سے تو گھر بھی نہیں چل سکتا۔ان کی رائے تھی کہ پہلے ہی اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے سیاسی انتقام کا تاثر ملتا ہے۔