ملتان : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کا علیحدہ صوبے کا مطالبہ دیرینہ ہے، قومی اتفاق رائے سے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام میں پیشرفت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوشش ہے کہ سنجیدگی سے مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کوالگ صوبہ بنانے کے لیے اتفاق پیدا کرنے کی کوشش ہے، امید ہے پی پی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے لیے ساتھ دے گی۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ قمرزمان کا جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق بیان دانشمندانہ تھا، قومی اتفاق سے جنوبی پنجاب صوبے پرپیش رفت ہوگی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اعتزازاحسن کا سینیٹ میں کردارقابل ستائش ہے، پیپلزپارٹی کو چاہیے صدر کے لیے اعتزاز احسن کا نام واپس لے۔
بھارت سے متعلق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک سے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے دنیا آگاہ ہے، بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔