نومنتخب وزیراعظم عمران خان کے یو ٹرن

اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد بھی یوٹرن جاری ہیں ۔ عمران خان کچھ عرصہ قبل جن معاملات پر پچھلی حکومتوں اوروزرائے اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے اب وہی کام وہ خود کررہے ہیں۔

عمران خان نے 27 مارچ 2016 کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے وزیراعظم کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگانے پرتنقید کا نشانہ بنا کر لکھا تھا کہ ہم کرکٹ میں اس لئے ترقی نہیں کرتے کہ یہاں بورڈ کا چیئرمین بھی وزیراعظم مقررکرتا ہے مگر خود وزیراعظم بن کر دوسرے دن ہی ٹوئٹ کردیا کہ احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگا دیا ہے۔

بعد ازاں کسی نے وزیراعظم عمران خان کی توجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی طرف دلائی اوربتایا کہ اس کے مطابق اب چیئرمین کا تقرروزیراعظم کا کام نہیں بلکہ بورڈ آف گورنرزکرتا ہے ، اس لئے آپ صرف احسان مانی کو ممبر مقرر کریں تاکہ وہ بورڈ کے اندر الیکشن لڑ کر چیئرمین بن سکیں۔

یہ معلومات ملنے کے بعد وزیراعظم نے دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ وہ احسان مانی کو بورڈ آف گورنر کا رکن مقرر کرتے ہیں اوروہ بعد میں طریقہ کار کے مطابق چیئرمین بنیں گے ۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اورپاکستان سپر لیگ شروع کرا کے پاکستانی کرکٹ میں نئی روح پھونکنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے احسان مانی کو نئے چئیرمین کی حیثیت سے نامزد کیا تھا ۔

نجم سیٹھی نے وزیراعظم عمران خان کو بھیجے گئے استعفے کے عکس کے ساتھ ٹویٹ کی اورلکھا کہ وہ اس بات کا انتظار کررہے تھے کہ نئے وزیراعظم اپنے عہدے کا حلف لیں تاکہ وہ اپنا استعفیٰ پیش کرسکیں ۔

نجم سیٹھی کی ٹویٹ کے کچھ دیر بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدراحسان مانی کو پی سی بی کا چئیرمین نامزد کررہے ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے تحت ملک کا وزیراعظم بورڈ کا پیٹرن انچیف ہوتا ہے اورپی سی بی کے آئین مطابق وزیراعظم اپنے 2 نمائندے بورڈ آف گورنرزمیں نامزد کرسکتا ہیں جس کے بعد 10 ارکان بورڈ کے نئے چئیرمین کا باضابطہ طورپرانتخاب کریں گے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا بورڈ آف گونرزاس وقت 10 نمائندوں پرمشتمل ہے جن میں 4 اداروں کے اور4 ریجنز کے نمائندے ہیں جبکہ 2 نمائندے حکومت کے ہوتے ہیں جن کے نام وزیراعظم کی طرف سے دیئے جاتے ہیں جن میں سے ایک چیئرمین منتخب ہوتا ہے ۔

73سالہ احسان مانی بین الاقوامی کرکٹ کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ احسان مانی اورعمران خان کی دوستی بڑی پرانی ہے ۔ احسان مانی شوکت خانم کینسراسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرزمیں بھی شامل ہیں ۔ وہ ان دنوں خیبرپختونخوا میں گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی حیثیت سے شجرکاری اور سیاحت کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔