اسلام آباد:عیدالاضحیٰ پر صدر مملکت ممنون حسین ، وزیراعظم عمران خان اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار و قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔
وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں اپنے تمام تر مفادات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عید الاضحی کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے جو معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہوں، ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے، ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی کے لیے جانیں قربان کیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں افواج پاکستان کی طرف سے تمام پاکستانیوں کی عید کی مبارکباد پیش کی گئی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے بھی قوم کو عید کی مبارک باد دی۔نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے بھی پوری قوم کو عید الاضحیٰ پر مبارکباد دی گئی۔