ملک بھر میں عید الاضحیٰ جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جبکہ مسلمان سنتِ ابراہیمی کو پورا کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی بھی کر رہے ہیں۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

نماز عید کے اجتماعات میں ملک میں امن اور سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

سندھ پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے کنٹی جینسی پلان مرتب کیا ہے جبکہ انتظامیہ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

عید کامزہ دوبالا کرنے کے لیے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔