نئی دہلی :مٹھائی کا نام سنتے ساتھ ہی سب کے منہ میں پانی آنا فطری سی بات ہے لیکن کیا ایسا بھی ہوا ہے کہ مٹھائی کی فی کلو قیمت سنتے ساتھ ہی انسان کے چودہ طبق بھی روشن ہو جائیں ؟ لیکن پڑوسی ملک بھارت میں سویٹس کی ایک ایسی دکان بھی ہے جہاں سے ملنے والی مٹھائی کی قیمت تو واقعی ہوش اڑا دینے والی ہے لیکن پھر بھی اس دکان پر خریداروں کا رش ایسے لگا ہوتا ہے کہ جیسے یہاں سے مٹھائی مفت مل رہی ہو ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر گجرات میں واقع ’’گولڈن سویٹ ‘‘ نامی مشہور دکان پر 9ہزار روپے(پاکستانی 15ہزار 7سو 75روپے) کلو مٹھائی فروخت ہوتی ہے ،ہیروں کا شہر کہلانے والے ہندوستانی گجرات میں اب سونے (گولڈ )سے تیار ہونے والی مٹھائی نے پورے بھارت میں شہرت حاصل کر لی ہے جبکہ کئی لوگ گجرات میں صرف یہ مٹھائی خریدنے کے لئے ہی آتے ہیں ۔گولڈن سویٹس‘‘ کے مالک روہن مٹھائی والا کا کہنا ہے کہ ہم 5مختلف قسم کی کاجو کاری، نرگس پین، پستہ بادشاہ، ڈرائی فوڈ آؤٹ اور قیصر کنج نامی مٹھائیاں تیار کرتے ہیں جن میں اعلیٰ ترین کوالٹی کے اجزا استعمال کئے جاتے ہیں ،
اس مٹھائی میں استعمال ہونے والا زعفران اسپین سے منگوایا جاتا ہے جبکہ فی کلو مٹھائی میں 180دانے کاجو بھی استعمال کئے جاتے ہیں ۔روہن مٹھائی والا کا کہنا تھا کہ ان مٹھائیوں میں سجاوٹ کے لئے 22کیرٹ خالص سونے کے ورق استعمال کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اس کی قیمت بڑھ جاتی ہے لیکن اتنی زیادہ قیمت ہونے کے باوجود ہماری دکان پر ہر وقت خریداروں کا رش لگا رہتا ہے ۔