راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے آج ملاقات کا دن تھا۔ عید کے حوالے سے بھی ملاقات کے لیے لیگی رہنماوٴں کی اڈیالہ جیل میں بڑی تعداد میں آمد متوقع تھی، تاہم حکام نے عید کی چھٹیوں کے باعث آج ملاقات کرانے سے انکار کردیا ہے۔
جیل حکام کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے سرکاری چھٹی ہونے کی وجہ سے ملاقات کے لیے اجازت نہیں دی ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کل جمعہ کو ہوسکے گی، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں اور دیگر ملاقاتیوں کو اطلاع کردی گئی ہے، تمام ملاقاتیوں کو کل صبح آٹھ بجے سے دن 1 بجے تک جیل آنے کی اجازت ہوگی۔
سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہ دینے پر اڈیالہ جیل کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے نواز شریف کے حق میں اور جیل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ لیگی کارکنوں نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے بھی لگائے۔ لیگی کارکنوں نے کہا کہ پارٹی قائد اور ان کی بیٹی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی، جس کے خلاف مظاہرہ اور احتجاج کررہے ہیں۔