وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس کل طلب،کئی اہم فیصلے متوقع

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کل وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس طلب کرلیاہےجس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کل ہونے والے اجلاس میں کے دوران وفاقی وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی اور وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم عمران خان کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ملک کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں کل ہونے والے اجلاس میں تمام وزرا کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔