اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کل سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ پہلا دورہ وزارت خارجہ کا کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا دوسرا اجلاس کل طلب کرلیا گیا جس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں جب کہ اجلاس میں تمام وزرا کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل وزارت خارجہ کا دورہ کریں گے جہاں انہیں وزارت خارجہ کے مختلف شعبوں اور ذمہ داریوں پر بریفنگ دی جائے گی اور پاکستان کے غیر ملکی سفارتی مشنز میں تعیناتیوں اور کارکردگی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو افغانستان، بھارت اور امریکا سے تعلقات پر تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا جس کے بعد وزیراعظم خارجہ پالیسی کے حوالے سے گائیڈ لائنز بھی جاری کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کے ستمبر کے اجلاس میں پاکستانی مؤقف سے متعلق ہدایات دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے دوسرے اجلاس کے دوران وفاقی وزارت کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی اور وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے حکام وزیراعظم عمران خان کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران ملک کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔
اس وزارت کے تحت 422 تعلیمی ادارے، وفاقی دارالحکومت کے اسپتال اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اٹھارٹی (سی ڈی اے) اس وزارت کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔