لاہور:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ قوم کو تیار رہنا ہو گا، کچھ تلخ فیصلے کرنے ہوں گے، کلبھوشن کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، امید ہے عالمی عدالت میں پاکستان کو فتح ملے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عید کی مبارکباد دینے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ کلبھوشن یادیو پر اپنا مؤقف پرزور انداز سے پیش کریں، ہمارے پاس ٹھوس شواہد ہیں، امید ہے ہمیں بین الاقوامی عدالت میں فتح ملے گی۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہمارے معاشی کیفیت غور طلب اور پیچیدہ ہے، اس حوالے سے کچھ تلخ فیصلے کرنا ہوں گے جن کے لیے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہمارا لیڈر سمجھتا ہے کہ جب تک کرپٹ عناصر پر ہاتھ نہیں ڈالا جائے گا، بہتری نہیں آئے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جس کے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بیان دیا ہے اس کا کیس عالمی عدالت انصاف نے سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کلبھوشن یادیو کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے، جس کی سماعت عالمی عدالت انصاف میں 19 تا 25 فروری 2019ءروزانہ کی بنیاد پر ہو گی۔
عالمی عدالت انصاف میں پاکستان اور بھارت نے کلبھوشن یادیو کیس میں دو، دو جوابات جمع کرائے ہیں، پاکستان نے اپنے جمع کرائے گئے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے ہیں۔
بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، جس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔
پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت 10 اپریل 2017ء کو کلبھوشن یادیو کو جاسوسی، جبکہ کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی۔
بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے باعث کلبھوشن یادیو کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا تھا۔