اسلام آباد: حج سے واپسی کی پروازوں کا آغاز رواں ماہ کی 27 تاریخ سے ہوگا۔ 327 حجاج کرام کو لے کر پہلی پرواز اسی روز شام کو اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے گی۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج سے واپسی کی پروازیں آئندہ ماہ کی 25 تاریخ کو مکمل ہوں گی۔ حج سے واپسی کی پروازوں کے پہلے روز مجموعی طور پر 950 حجاج کرام 4 پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور پشاور پہنچیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق 240 حجاج سعودی عریبین ائیرلائن کے ذریعے پشاور پہنچیں گے، جبکہ 327 حجاج پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے۔سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار اور نجی اسکیموں کے ذریعے 77 ہزار 210 حجاج کرام سمیت مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانیوں نے اس سال حج کی سعادت حاصل کی۔پشاور، ملتان، سکھر، لاہور اور فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر اہم شہروں میں بھی حج سے واپسی کی پروازیں پہنچیں گی۔