اسلام آباد: نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ تمام وفاقی وزرا اور مشیران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے بعد پہلے ورکنگ ڈے پرمنعقد ہونے والے اجلاس میں نو منتخب وزیراعظم کو امن و امان سمیت دیگراہم امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارت کیڈ کو کو ختم کرنے کی بھی منظوری دی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کیڈ کے خاتمے کی صورت میں وزارت کے ماتحت تما م اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کردیا جائے گا۔
نو منتخب وزیراعظم وزارت خارجہ کا بھی دورہ کریں گے جہاں حکام انہیں امریکہ، افغانستان اور بھارتے کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دیں گے۔
وزیراعطم عمران خان ایک ایسے وقت میں وزارت خارجہ کا دورہ کررہے ہیں جہاں 24 گھنٹے قبل ہی امریکی سیکریٹری خارجہ مائک پومپیو کی ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو پر پاکستانی وزارت خارجہ کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم خارجہ پالیسی کے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی اوراپنے ویژن سے حکام کو آگاہ کریں گے اورگائیڈ لائن دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے جس میں 15 وفاقی وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں۔
وفاقی کابینہ میں بیرسٹرفروغ نسیم، طارق بشیر چیمہ، نور الحق قادری،ڈاکٹر شیریں مزاری، غلام سرور خان، زبیدہ جلال، فواد چودھری، عامر کیانی، مخدوم شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، شیخ رشید، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی اور شفقت محمود شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نو منتخب وزیراعظم وڈیو لنک کے ذریعے چاروں صوبائی گورنروں کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے۔