ملک بھرمیں عید الاضحیٰ کےتیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ حکومت کی جانب سے اعلان کی گئیں سرکاری چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اسکول، کالجز اور دفتر کھل گئے ہیں۔
پاکستان بھر میں آج عید الاضحیٰ کے تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ علی الصبح اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ قربانی کا گوشت جہاں عزیز و اقربا میں تقسیم کیا جا رہا ہے وہیں مستحق افراد کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا۔
قربانی کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں آلائشیں اٹھانے کے لیے آپریشن بھی جاری ہے اور انتظامیہ ایکشن میں ہے۔تاہم کئی شہروں میں اب تک گلی محلوں میں صفائی ستھرائی نہ ہوسکی اور آلائشوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔
ادھرحکومت کی جانب سے اعلان کی گئیں سرکاری چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اسکول، کالجز اور دفتر کھل گئے ہیں۔تاہم بلوچستان اور سندھ حکومت کے زیر انتظام اداروں میں آج بھی چھٹی ہے۔
دوسری جانب قربانی کے بعد گھروں پر مختلف اقسام کے کھانے پکانے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔تاہم اس بات کا بھی خیال رکھا جانا ضروری ہے کہ کسی بھی چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے، خصوصاً عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کی زیادتی اکثر لوگوں کی صحت کو متاثر کر دیتی ہے، لہذا کھانے میں اعتدال پسندی کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔