اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وزارت خارجہ کا دورہ کرنے کے لیے آج دفتر خارجہ پہنچے جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان دفتر خارجہ پہنچے جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ میں وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔
دفتر خارجہ میں ہونے والا یہ اہم اجلاس 1گھنٹہ 15 منٹ تک جاری رہا، جس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان کے دیگر ممالک سے تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاک-بھارت تعلقات کے حوالے سے بریف کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو افغانستان، ایران، امریکا اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کے حکام کو پالیسی گائیڈ لائن دی، انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے بیرون ملک سفارت خانوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے۔
وزیراعظم کے دورے کے بعد آج شام وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم پریس کانفرنس کریں گے۔