اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کی قیمتوں کا تعین عالمی ٹیکسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن کی 15کمپنیاں ہیں، ہر کمپنی کی الگ الگ بریفنگ لوں گا، اکثر کمپنیوں کو ایڈہاک ازم کی بنیاد پر چلایا گیا ہے، ایک سی ای اوکے پاس ایک سے زیادہ کمپنیوں کااضافی چارج ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی کمپنیوں کے نقصانات کوکم کریں گے، اپنے لیڈر عمران خان کی تقلید کروں گا، اپنی گاڑی ہی استعمال کروں گا، تمام اداروں اور کمپنیوں سےاضافی گاڑیاں واپس لیں گے، کرپشن برداشت نہیں کروں گا۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھاکہ ڈیزل غریب آدمی استعمال کرتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ ایل این جی سمیت دیگر معاہدوں کو چھپا کر رکھا گیا، ایل این جی سمیت تمام معاہدوں کاجائزہ لے کر انہیں منظر عام پر لاؤں گا۔