راولپنڈی:ایون فیلڈ ریفرنس میں قید مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے اہلخانہ سمیت لیگی رہنماؤں نے ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے والوں میں مریم نواز کی صاحبزادی اور داماد کے علاوہ مریم اورنگزیب، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف،لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سینیٹر چوہدری تنویر، مصدق ملک اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔
جیل حکام کے مطابق قیدیوں سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص ہے تاہم عید کی تعطیلات کے باعث جمعرات کے بجائے آج نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔
اس کے علاوہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر نے بھی اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اپنی صاحبزادی کے ہمراہ 13 جولائی کو لندن سے وطن واپس پہنچے تو سیکیورٹی فورسز نے لاہور ایئرپورٹ سے ہی انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا تھا۔