انورمجید کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملزم انور مجید کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے روبرو پیش کیا۔
انور مجید کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو برین ہیمریج کا خطرہ ہوگیا ہے، اس لئے ان کا طبی معائنہ کرایا جائے اور انہیں اسپتال منتقل کیا جائے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ انور مجید اور عبدالغنی مجید سے مزید تفتیش جاری ہے، اس لئے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 27 اگست تک توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو 10 روز میں تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔