ایف آئی اے نے آصف زرداری اورفریال تالپور کوچوتھی بارطلب کر لیا

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے لیے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو ایک بار پھر طلب کرلیا ہےجس کے لیے انہیں نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے دونوں رہنماؤں کو 27 اگست کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد طلب کیاہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو چوتھی بار طلب کیا گیا ہے، اس سے قبل بھی طلب کیے جانے کے باوجود دونوں شخصیات ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئیں۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری اورفریال تالپور اس بارپیش نہ ہوئے توسپریم کورٹ میں دونوں مشکل میں ہوں گے جبکہ ایف آئی اے 28 اگست کوعدالت میں منی لانڈرنگ کی رپورٹ پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ کراچی کی بینکنگ عدالت نے 17 اگست کو منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جب کہ عدالت نے تمام ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے بعد آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کرلی جب کہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپور نے پہلے ہی حفاظت ضمانت حاصل کرلی ہے۔
واضح رہےکہ منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو ایف آئی اے گرفتار کرچکی ہے جن سے تحقیقات جاری ہیں۔