لاہور: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشیدنے کہا ہے کہ میرا ہدف ریلوے کی آمدن بڑھانا اور خسارہ کم کرنا جب کہ خاص توجہ مارکیٹنگ حکمت عملی اور مال بردار ٹرینوں پر ہوگی۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہورمیں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرام حرام ہے‘‘ہمارا نیا سلوگن ہے، جب تک ریلوے کی وزارت میرے ہاتھ میں ہے نہ خود سکون سے بیٹھوں گا نہ کسی کو آرام کرنے دوں گا، مجھے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کوئی افسر آرام کرتا نظر نہ آئے، یہ میری آٹھویں منسٹری ہے میری کسی چیز میں کوئی دلچسپی نہیں سوائے اس کے کہ ریل کا پہیہ چلے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 10 سال بعد ریلوے میں قدم رکھا بہت سے مسائل وہیں کھڑے ہیں جہاں چھوڑ کے گیا تھا، میرا ہدف ریلوے کی آمدن بڑھانا اور خسارہ کم کرنا جب کہ خاص توجہ مارکیٹنگ حکمت عملی اور مال بردار ٹرینوں پر ہوگی۔ ریلوے کی زمینوں پرکمرشل پلازے بنانے سے ریلوے کی آمدن بڑھے گی، ریلوے کے تمام اسپتالوں کی نجکاری کردیں گے، لیکن کسی کوبیروزگارنہیں کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے اپنے اخراجات کم کرے اور سارا زورآمدن بڑھانے پر لگائے، اس کے لئے تمام افسران کے تعاون کی ضرورت ہے، ریلوے کے خول سے باہرنکل کردیکھیں، سب فیلڈ میں جائیں ریلوے کے لیے کاروبار لائیں، سرمایہ کاروں کومتوجہ کریں اور ان کے لیے سازگارماحول بنائیں، ریلوے اسٹیشنوں پرصفائی کے لیے فوری ٹاسک فورس بنائیں۔