اپوزیشن کامشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے اتحادپاکستان الائنس کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے صدرمملکت کے لیے مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق کیاہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اجلاس میں صدارتی انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کی جگہ متفقہ امیدوار لانے پر زور دیاجس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق کیا ہے
ذرائع کے مطابق اے پی سی میں اتفاق ہوا ہے کہ پینل کل تک تین امیدواروں کا انتخاب کرے گاجس کے لیے مختلف ناموں پر غور جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے جس میں ایک رکن پیپلز پارٹی، ایک مسلم لیگ (ن) اور ایک غیر جانبدار پارٹی سے ہوگا، پینل صدارتی امیدوار کے لیے تین افراد کا انتخاب کرے گا، تینوں امیدواروں میں سے ایک کا حتمی انتخاب اپوزیشن جماعتیں کریں گی۔
ذرائع کا کہناہے کہ اجلاس میں پیپلزپارٹی نے سینیٹر پرویز رشید کے اعتزاز احسن کے نوازشریف سے جیل جاکر معافی مانگنے کے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا جس پر مسلم لیگ (ن) نے وضاحت کی کہ پرویز رشید کا بیان ذاتی ہے، یہ بیان پارٹی پالیسی نہیں۔

اس کے علاوہ اجلاس میں تحفظات کا اظہار کیا گیا ہےکہ اپوزیشن میں پیپلزپارٹی کا رویہ لچک دار ہے جس کے بعد اتفاق کیا گیا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں بھرپور اپوزیشن کریں گی۔

اے پی سی کے بعد سیاسی رہ نماؤں کے ہمراہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں مشترکہ صدارتی امیدوارلانے پراتفاق ہوا ہے،صدارتی امیدوارکا اعلان کل کیا جائے گا،کل باضابطہ طور پر اپوزیشن الائنس کے مشترکہ صدارتی امیدوار کا اعلان کردیا جائیگا،پیپلزپارٹی نے اپنی قیادت کواعتماد میں لینے کےلئے رات تک کا وقت مانگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے اوورسیزپاکستانیزکے ووٹنگ کے حق کی حمایت کی،اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ووٹنگ کانظام الیکشن کمیشن عجلت میں متعارف کرارہاہے، اجلاس میں اوورسیز پاکستانیزکےلئے ووٹنگ نظام پرتحفظات ظاہر کیے گئے، انہوں نے کہا کہ ہرشہری کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانا حکومت کا فرض ہے، اپوزیشن رہنمائوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور دھمکیاں دی جارہی ہیں، اے این پی کے افتخار حسین کو بھی سنگین دھمکیاں دی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ موجودہ حکومت انتقامی ایجنڈے پرکام کررہی ہے،کابینہ کے پہلے اجلاس میں نوازشریف ،مریم نوازکانام ای سی ایل میں ڈالنے کافیصلہ کیاگیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہناتھاکہ اعتزازاحسن پاکستان پیپلز پارٹی کےنامزد امیدوارہیں۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کی زیر صدارت حزب اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس مری میں جاری تھی جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے اوراے این پی سمیت دیگرجماعتیں شریک ہوئیں،

اے پی سی میں مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، احسن اقبال جبکہ پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں،

اے این پی کے غلام احمد بلوراور نیشنل پارٹی کے حاصل بزنجو کے علاوہ پاک سرزمین پارٹی اور قومی وطن پارٹی کے رہنما بھی اے پی سی میں شریک ہوئے۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے لئے اے پی سی میں شریک نہیں ہوئے تاہم ٹیلی فونک رابطوں میں انہوں نے اے پی سی کے فیصلوں کو تسلیم کرنے کے موقف سے آگاہ کردیا تھا۔