کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ایشین گیمز میں کراٹے کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی نرگس کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہاکہ نرگس نے شاندار کھیل پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیااور بین الاقوامی سطح پر ملک اور صوبے کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بھرپور صلاحیتیں رکھتے ہیں اور کھیل سمیت تمام شعبوں میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں، حکومت اپنے نوجوانوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے گی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے میڈل جیتنے والی نرگس کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔