اپوزیشن کےصدارتی امیدوار کا اعلان آج شہباز شریف کرینگے

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شریک تمام سیاسی جماعتوں نے صدارتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار لانے پر اتفاق کرلیا۔جبکہ اے پی سی میں پیپلزپارٹی کے سوا تمام اپوزیشن جماعتوں نے شہباز شریف کو متفقہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا اختیار دیا،جس کے بعد امیدوار کے نام کا اعلان آج شہباز شریف کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آل پارٹیز کانفرنس کا اجلاس میاں شہباز شریف کی زیر صدارت اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل سابق وزیراعظم نواز شریف کی مری میں واقع رہائش گاہ پر ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں شہباز شریف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف، احسن اقبال، عبدالقادر بلوچ، رانا تنویر، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے صدر امیر مقام، سندھ کے صدر، پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر، قمر زمان کائرہ، ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، لیاقت بلوچ اور اویس نورانی، اے این پی کے غلام احمد بلور اورمیاں افتخار حسین اور نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر حاصل بزنجو نے شرکت کی۔
اجلاس 4گھنٹے جاری رہا اس دوران ظہرانہ اور نماز کا وقفہ بھی کیا گیا۔ آل پارٹیز کانفرنس کے آخری مرحلے میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے قائدین کانفرنس سےباہرآ کر مشاورت بھی کرتے رہے۔ ن لیگ کاپیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر اعتراض برقراررہا،مسلم لیگ (ن) نے اجلاس میں صدارتی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کی جگہ متفقہ امیدوار لانے پر زور دیا۔
کانفرنس میں حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد پارٹیوں کے رہنماء احسن اقبال، قمر زمان کائرہ، عبدالغفور حیدری، لیاقت بلوچ، اکرم درانی اور مریم اورنگزیب نےمیڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر احسن اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے اجلاس میں مشترکہ صدارتی امیدوار پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں متعدد قابل عمل تجاویز زیر غور آئیں۔پیپلز پارٹی نے تمام تجاویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مشاورت کیلئے رات تک کی مہلت مانگی ہے۔دیگر جماعتوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کو متفقہ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا اختیار دیدیاہےجو کل (اتوار) کو صدارتی امیدوار کا باضابط اعلان کرینگے۔
واضح رہے کہ 4 ستمبر کو سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ ہوگی۔ جس کے لئے پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی جب کہ پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا ہے۔