صدارتی امیدوارکیلئےمسلم لیگ ن نےیوسف رضاگیلانی کا نام سامنےرکھ دیا

اسلام آباد:مشترکہ صدارتی امیدوار لانے کیلئے مسلم لیگ ن نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا نام اپوزیشن کے سامنے رکھ دیا۔

مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہےکیوں کہ پیپلز پارٹی صدارتی امیدوار کے لیے پہلے ہی اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کا اعتراض مسترد کرچکی ہے۔ جبکہ اپوزیشن اتحاد میں شامل متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سربراہ جمیعت علما اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ سابق صدرآصف زرداری نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف سے اپنے موقف میں لچک دیکھانے کی بھی درخواست کی، جبکہ شہباز شریف نے صدارتی امیدوار کے لیے اپنی پارٹی سے مشاورت کے  لیے وقت مانگ لیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز احسن کے بطور صدراتی امیدوار پر تحفظات ہیں تاہم صدارتی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق کرسکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے نام پر اتفاق ہوگیا تو (ن) لیگ اپنے امیدوار کے نام واپس لے لی گی۔

ادھر پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کو اپوزیشن اتحاد کا متفقہ صدارتی امیدوار بنوانے کے لیے پر امید ہے۔
خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ماضی کی تلخیوں کو چھوڑ کر آگے بڑھنا پوگا، ملک کو اعتزاز احسن جیسے چہرے کی ضرورت ہے، امید ہے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں ہماری اس بات کو سمجھیں گی۔
پی پی پی رہنما نے کہا ہے کہ اپوزیشن سمجھدار ہے، انشاءاللہ تمام جماعتیں ہمارا ساتھ دیں گی، قومی امید ہے اپوزیشن میں اتحاد و اتفاق قائم رہے گا، ن لیگ کے رہنما بھی سمجھدار ہیں انہیں معلوم ہے کہ ان حالات میں کیا کرنا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ اپوزیشن ایسی سیاست کرے جس پر ماضی کا سایہ نہ پڑے، شہباز شریف سلجھے ہوئے سمجھدار اپوزیشن رہنما ہیں ان پر بڑی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ صدراتی انتخاب کے لیے نمبرز پورے ہیں اور پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار عارف علوی ہی صدر مملکت ہوں گے۔

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایوانِ صدر کے نئے مکین کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر عارف علوی امیدوار ہیں تاہم اپوزیشن اتحاد ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔